16 دسمبر 2024 - 09:48
غزہ کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے، عالمی اداروں سے حماس کی اپیل

فلسطین کی اسلامی تحریک مقاومت حماس نے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ فلسطین کے تک امدادی سامان کی ترسیل کا راستہ ہموار کرتے ہوئے طبی وسائل کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حماس کی جانب سے جاری شدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غاصب صہیونی غزہ کی پٹی میں انسانیت سوز مظالم، نسل کشی اور قتل عام کا ارتکاب کر رہے ہیں اور عالمی برادری نے بھی ان جرائم میں صہیونیوں کا ساتھ دے کر اپنی ناکامی کا پردہ مزید فاش کردیا ہے۔

حماس نے عرب اور مسلم ممالک سے غزہ کے پٹی کے باشندوں کی مدد کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان خلیل الدقران نے بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی کی طبی تنصیبات کو تباہ کرنے کے باوجود، صہیونی ریاست بیماروں اور زخمیوں کو علاج کے لئے غزہ کی پٹی سے باہر نکلنے نہیں دے رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ساری سرحدی گذرگاہیں بند ہیں اور غاصبوں کے شدید محاصرے کے نتیجے میں طبی ساز و سامان غزہ میں داخل نہیں ہو پا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت 2500 نوزائیدہ بچوں سمیت غزہ میں 10 ہزار سے زیادہ کینسر کے مریض ہیں جن کی جان بری طرح خطرے میں ہے۔

خلیل الدقران نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اس بربریت کو روکنے کے لئے صہیونیوں پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110